ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / خدا کیلئے حکومت بھوکے۔پیاسے مزدوروں کی چیخ و پکار سنے:راہل،پرینکا

خدا کیلئے حکومت بھوکے۔پیاسے مزدوروں کی چیخ و پکار سنے:راہل،پرینکا

Fri, 15 May 2020 15:25:51    S.O. News Service

نئی دہلی،15؍مئی (ایس او نیوز؍یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا کہ سڑکوں پر بھوکے۔ پیاسے اور پیدل چلنے والے مزدوروں کے سبب حالات بے حد خراب ہیں اور حکومت کو ان کی چیخ و پکار سن کر ان کی مدد کرنی چاہیے۔

مسٹر گاندھی نے جمعرات کو ٹویٹ کیا،‘اندھیرا گھنا ہے، مشکل گھڑی ہے، ہمت رکھیے! ہم ان تمام کی حفاظت میں کھڑے ہیں۔ حکومت تک ان کی چیخیں پہنچا کر رہیں گے، ان کے حق کی ہر مدد دلا کر رہیں گے۔ ملک کے عام عوام نہیں یہ تو ملک کی عزت نفس کے علم ہیں... اسے کبھی جھکنے نہیں دیں گے ’۔محترمہ واڈرا نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا،‘ ملک کی سڑکوں پر بہت بری حالت ہے۔ میٹرو سٹیز (بڑے شہروں) سے مزدور بھوکے، پیاسے، پیدل اپنے چھوٹے چھوٹے بچوں اور خاندان کو لے چلے جا رہے ہیں۔ ایسا لگتاہے کہ جیسے انتظامیہ نے انھیں چھوڑ دیا ہے ’۔محترمہ گاندھی نے کہا،‘ مئی کی دھوپ میں سڑکوں پر چلنے والے مزدوروں کا تانتا لگا ہے۔ ہر دن حادثے ہو رہے ہیں، روزانہ یہ غریب ہندوستانی مارے جا رہے ہیں۔ ان کے لیے حکومت بسیں کیوں نہیں چلوا رہی ہے؟ اترپردیش روڈویز کی 20 ہزار سے زائد بسیں کھڑی ہیں۔ برائے مہربانی انھیں سڑکوں پر اتار دیجیے۔ انہی کی مزدوری سے ہمارے یہ میٹرو سٹی بنے ہیں، انہی کی مزدوری سے ملک آگے بڑھا ہے ’۔انہوں نے کہا،‘ خدا کے لیے انھیں سڑکوں پر اس طرح بے یار و مددگار مت چھوڑیے۔ اتر پردیش کے تمام ضلعی یونٹ سے میری گذارش ہے کہ وہ ان ضرورت مند افراد کی مدد میں مزید اضافہ کر دے۔ پوری طاقت لگا دیجیے! یہ خدمت کا وقت ہے۔ انڈین نیشنل کانگریس کا ایک ایک کارکن ان ہندوستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے ’۔محترمہ واڈرا نے پولیس اہلکاروں سے مزدوروں سے حساس ہوکرپیش آنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا،‘ میں سمجھتی ہوں ’آپ پر کام کا دباؤ ہے۔ آپ بھی پریشان ہو مگر آپ سے میری ایک گذارش ہے کہ ان بے سہارا لوگوں پر طاقت کا استعمال مت کیجیے۔ان پر ویسے ہی مصیبت کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔ ان کے وقار کا تحفظ کیجیے۔


Share: